پاکستان کی 99 جامعات نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں جگہ بنالی
ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 جاری کر دی جس میں پاکستان کی 99 جامعات جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں 115 ممالک کی 2 ہزار 191 جامعات شامل کی گئیں ہیں۔
ٹائمز رینکنگ میں پاکستانی جامعات کی مجموعی کارکردگی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی 47 یونیورسٹیوں نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن (ٹی ایچ ای) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں جگہ بنائی تھی۔
ان جامعات میں پاکستان کی 99 یونیورسٹیاں عالمی رینکنگ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئیں ہیں، 48 پاکستانی جامعات کو باضابطہ رینک اور 51 کو ’ریپورٹر‘ اسٹیٹس حاصل ہوا ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد 401 سے 500 درجے کے درمیان شمار کی گئی جب کہ کامسیٹس یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، نسٹ اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی 600 سے 800 کی رینج میں شامل ہیں۔
یو ایم ٹی لاہور اور نسٹ نے 1000 سے 1200 عالمی درجہ بندی میں جگہ حاصل کی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی مسلسل دسویں سال سرفہرست
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی مسلسل دسویں سال بھی پہلے نمبر پر ہے، امریکا کی ایم آئی ٹی مسلسل دوسرے سال دوسرے نمبر پر رہی اور امریکا کی ہی پرنسٹن یونیورسٹی تیسرے نمبر پر رہی۔
اسی طرح، برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج اس فہرست میں چوتھے نمبر پر رہی اور امریکا کی ہاورڈ یونیورسٹی کا پانچواں نمبر رہا، ٹاپ 10 رینکنگ میں امریکا اور برطانیہ کی جامعات کا راج رہا جب کہ 11ویں نمبر پر سوئٹزرلینڈ کی یونیورسٹی رہی۔
واضح رہے کہ ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 کو طلبہ اور اساتذہ کے لیے معیار کا اہم عالمی پیمانہ قرار دیا گیا ہے۔