کاروبار

بُلندی پر پہنچنے کے بعد سونا ہزاروں روپے سستا، چاندی کی قیمت بلند ترین سطح پر

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 44 ڈالر کمی سے 3 ہزار 995 ڈالر فی اونس رہ گئی۔

بُلندی پر پہنچنے کے بعد آج سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا جبکہ چاندی کی قیمت بڑھ کر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط کے حامل فی تولہ خالص سونے کے نرخ 4 ہزار 578 روپے تنزلی سے 4 لاکھ 20 ہزار 600 روپے ہوگئی، جو گزشتہ روز 4 لاکھ 25 ہزار 178 روپے کی بُلند ترین سطح پر فروخت ہوئی تھی۔

اسی طرح 24 قیراط10 گرام سونا 3 ہزار 924 روپے گراوٹ کے بعد 3 لاکھ 60 ہزار 597 روپے کا ہو گیا، جس کی قیمت گزشتہ روز 3 لاکھ 64 ہزار 521 روپے رہی تھی جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 3 لاکھ 30 ہزار 547 روپے میں فروخت ہوا۔

ادھر، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 44 ڈالر کمی سے 3 ہزار 995 ڈالر فی اونس رہ گئی۔

دوسری جانب، چاندی کی قیمت میں اضافے کا رجحان جاری رہا اور یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 34 روپے اضافے سے 5 ہزار 100 روپے پر پہنچ گئی جبکہ 24 قیراط 10 گرام چاندی 29.42 روپے بڑھ کر 4 ہزار 372 روپے ہو گئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 50.13 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔