پنجاب کے ضلع لیہ میں زلزلہ، شدت 5 ریکارڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ کے قریب 5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز لیہ سے 50 کلومیٹر مشرق میں تھا، جو شام 7 بج کر 54 منٹ پر 20 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
ریسکیو 1122 لیہ کے ترجمان وسیم حیات نے ڈان کو بتایا کہ ’زلزلہ ضلع بھر میں محسوس کیا گیا، تاہم کسی ہنگامی صورتِ حال کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے کہ پاکستان تین بڑی ٹیکٹونک پلیٹس (عریبن، یورو-ایشین اور ہند) پر واقع ہے، جو ملک کے اندر پانچ زلزلہ خیز خطے بناتے ہیں، متعدد فالٹ لائنز کے ملاپ کی وجہ سے خطے میں ارضیاتی حرکات اکثر پیش آتی رہتی ہیں۔
یہ پیش رفت چند روز بعد سامنے آئی، جب 7 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال اور سوات میں 5.2 شدت کا زلزلے محسوس کیا گیا تھا۔
5 اکتوبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 5.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔