وزیراعظم اور نواز شریف کی ملاقات، پاک-افغان کشیدگی پر تبادلہ خیال
جاتی امرا میں ہونے والے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، ملاقات میں دیگر اہم سیاسی امور بھی زیر غور آئے، ذرائع
وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں پاک-افغان حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں لیگی صدر نوازشریف سے ہونے والی ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی موجود تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی سمیت دیگر اہم سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس دوران شہبازشریف نے نوازشریف سے ان کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
واضح رہے کہ پاک-افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بِلا اشتعال فائرنگ پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کئی چیک پوسٹوں کو تباہ، متعدد افغان طالبان اور خارجیوں کو ہلاک کردیا جب کہ افغان طالبان ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔