پاکستان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا انتخاب، اسپیکر نے گورنر کو انتخاب کی سمری بھیج دی

آرٹیکل 130(4) کے تحت سہیل آفریدی کو 145 میں سے 90 ووٹ حاصل کرنے پر فاتح قرار دیا جاتا ہے، آپ آرٹیکل 130(5) کے تحت نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں تاکہ وہ اپنی زمہ داریاں سنبھالیں، اسپیکر خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کی سمری گورنر فیصل کریم کنڈی کو بھیج دی۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی جانب سے کہا گیا کہ قواعد و ضوابط کے تحت وزیراعلیٰ کے انتخاب کی تفصیل سے گورنر کو آگاہ کر نا ہوتا ہے۔

سمری میں کہا گیا کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی ہال میں نئے وزیراعلیٰ کے لئے انتخاب ہوا، وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے 4 امیدوار تھے، جن میں محمد سہیل آفریدی، شاہ جہاں، ارباب زرک اورلطف الرحمٰن خان شامل تھے۔

صوبائی اسمبلی کے اسپیکر نے مزید کہا کہ 3 امیدواروں شاہ جہان، ارباب زرک اور لطف الرحمان نے صفر ووٹ لیے جب کہ محمد سہیل آفریدی نے 145 ٹوٹل میں سے 90 ووٹ حاصل کیے۔

سمری میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 130(4) کے تحت سہیل آفریدی کو فاتح قرار دیا جاتا ہے، آپ آرٹیکل 130(5) کے تحت نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں تاکہ وہ اپنی زمہ داریاں سنبھالیں۔

آئین کسی کی خواہش پر نہیں چلتا، اسپیکر

اس سے قبل، صوبائی اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے رولنگ دی کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب قانون کے مطابق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند لوگوں کی خواہش ہے کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ نہ بنیں، تاہم وزیراعلیٰ کا انتخاب میری آئینی زمہ داری ہے، میں علی امین گنڈاپور کے استعفی اور نئے قائد ایوان کے انتخاب کو آئین و قانون کے مطابق قرار دیتا ہوں۔

انہوں نے رولنگ دی کہ آئین کسی کی خواہش پر نہیں چلتا، علی امین گنڈاپور نے اسمبلی فولر پر بھی مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے، قائد ایوان کے انتخاب پر رولنگ دیتا ہوں کہ جو طریقہ کار اپنایا ہے وہ بلکل آئینی کے مطابق ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 4 امیدوار مد مقابل تھے، مسلم لیگ (ن)کے سردار شاہ جہان، پیپلزپارٹی کے ارباب زرک اور جمعیت علما اسلام کے مولانا لطف الرحمٰن مقابلے میں شامل تھے، تاہم پی ٹی ائی کے سہیل آفریدی وزیراعلی کے لیے مضبوط امیدوار تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اراکین کی کل تعداد 145 ہیں ، پی ٹی آئی حمایت ہافتہ آزاد اراکین کی تعداد 92 ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کی تعداد 53 ہیں، تاہم اپوزیشن نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر صوبے کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔

تاہم، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس انتخاب کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا آج ہونے والا انتخاب غیر آئینی ہوگا، جب تک علی امین کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر آئینی تصور ہوگا۔