کاروبار

سونا آج پھر ہزاروں روپے مہنگا، قیمت آسمان پر پہنچ گئی

بین الاقوامی منڈی میں سونا 69 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جو ایک روز قبل 4 ہزار 71 ڈالر فی اونس تھا۔

سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت ہزاروں روپے اضافے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کو 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جو 6 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 35 ہزار 100 روپے ہو گئی، جو پیر کو 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے تھی۔

اسی طرح 24 قیراط کا 10 گرام سونا 5 ہزار 916 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 73 ہزار 28 روپے کا ہو گیا، جو پیر کو 3 لاکھ 67 ہزار 112 روپے تھا۔

22 قیراط کا 10 گرام سونا بھی 5 ہزار 423 روپے اضافے سے 3 لاکھ 41 ہزار 954 روپے پر پہنچ گیا، جو اس سے قبل 3 لاکھ 36 ہزار 531 روپے تھا۔

بین الاقوامی منڈی میں بھی سونا 69 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جو ایک روز قبل 4 ہزار 71 ڈالر فی اونس تھا۔

دوسری جانب فی تولہ چاندی اور 10 گرام چاندی کی قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے بالترتیب 5 ہزار 247 روپے اور 4 ہزار 498 روپے پر برقرار رہیں، بین الاقوامی منڈی میں بھی چاندی کی قیمت مستحکم رہی اور 51.60 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی۔