پاکستان

گورنر خیبرپختونخوا پشاور پہنچ گئے، آج شام نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے حلف لیں گے

علی امین کے پہلے استعفے میں بہت سے شکوک و شبہات تھے، پہلا استعفیٰ تاخیر، دوسرا پہلے پہنچا، ئئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے حلف لوں گا، فیصل کریم کنڈی کی تصدیق

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی گورنر ہاؤس پشاور پہنچ گئے ہیں، آج شام نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے حلف لیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس حوالے سے کہا کہ علی امین کے پہلے استعفے میں بہت سے شکوک و شبہات تھے، اُن کا پہلا استعفیٰ تاخیر، دوسرا پہلے پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو 90 ووٹ ملے، صوبائی اراکین اسمبلی ان کے ساتھ ہیں، نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے حلف لوں گا۔

قبل ازیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو فوری طور پر پشاور پہنچ کر عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی تھی۔

کراچی میں نجی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سامنے بیٹھے فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ گورنر صاحب، آپ کو خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہوں گا کہ وہ اپنا جہاز گورنر کو دے دیں تاکہ کہ وہ خیبرپختونخوا پہنچ کر عدالت کا جو بھی حکم ہو اس پر عملدر در آمد کرتے ہوئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کریں۔

بعد ازاں، فیصل کریم کنڈی نے پارٹی چیئرمین کےحکم کے مطابق پشاور کے لیے فوری اڑان کی تیاری کرلی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، آئین کے تقاضے پورے کے جائیں گے اور میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ قانون اور آئین پر عملدرآمد کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ہے، میں آج رات ہر صورت میں پشاور پہنچ جاؤں گا اور میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلی سندھ سے درخواست کی ہے، وہ اپنا طیارہ فراہم کریں گے۔

صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے قائد عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تاحال استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔

تاہم خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ روز سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا تھا تاہم اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھااور وزیراعلیٰ کے انتخاب کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب، پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔

گورنر خیبرپختونخوا کو کل (15 اکتوبر) شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ حلف لے۔