آئی ایم ایف نے معاشی شرح نمو اور مہنگائی کے مقررہ اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا
عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے پاکستانی حکومت کے رواں سال معاشی شرح نمو اور مہنگائی کے مقررہ اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک رپورٹ جاری کردی جس میں اس سال معاشی شرح نمو اور مہنگائی کےمقررہ حکومتی اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کیلئے معاشی شرح نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد برقرار رہے گا جبکہ وفاقی حکومت نے اس سال معاشی شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 2.6 فیصد تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2030 تک معاشی شرح نمو بڑھ کر 4.5 فیصد ہونےکا تخمینہ ہے۔
عالمی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس سال اوسط مہنگائی کا ہدف 7.5 فیصد مقرر کیا ہے مگر اس سال اوسط مہنگائی کا تخمینہ7.7 فیصد ہے، جبکہ 2030 میں اوسط مہنگائی کم ہوکر 6.5 فیصد رہنےکا تخمینہ ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال پاکستان میں اوسط مہنگائی کا تخمینہ 5.1 فیصد تھا۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق اس سال پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کے0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ گزشتہ سال پاکستان میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.1 فیصد تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹس خسارہ 2030 میں جی ڈی پی کے 1.1 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔