پاکستان

خیبرپختونخوا کابینہ میں کئی اہم اور نئے چہروں کو ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان

کابینہ میں بیشتر پرانے وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی شامل ہوں گے، پی ٹی آئی میں علی امین کے مخالف گروپ کے ارکان بھی وزراتیں حاصل کرنے کے لیے سرگرم۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حلف برداری سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم بیٹھک ہوئی، جس میں صوبائی کابینہ پر مشاورت کی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں بیشتر پرانے وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی شامل ہوں گے، ساتھ ہی کئی اہم اور نئے چہروں کو بھی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں علی امین کے مخالف گروپ کے ارکان بھی وزراتیں حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو کابینہ میں ردوبدل کا اختیار بھی ملا جب کہ سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے مزمل اسلم کو کابینہ میں مشیر خزانہ رکھنے کے علاوہ باقی تمام اختیارات سہیل آفریدی کو دے دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے شہرام ترکئی اور اسد قیصر کے بھائیوں کو کابینہ سے فارغ کیا تھا، سہیل آفریدی کے منتخب ہوتے ہی شہرام ترکئی اور عاطف خان نے بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔