پاکستان

’عمران خان نے کہا ہے، پے رول پر رہائی ملی تو امن، افغان تنازع کے حل کیلئے کردار ادا کرسکتا ہوں‘

عمران خان نے کہا کہ 2 مسلم ہمسایہ ممالک کے درمیان لڑائی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد گفتگو

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انہیں پے رول پر رہائی ملی تو وہ امن کے قیام اور افغانستان تنازع کے حل کے لیے کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال گیا۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگرپے رول پر رہائی ملی تو وہ امن کے قیام اور افغانستان سے جاری تنازع کے حل کے لیے اپنا کردارادا کرسکتے ہیں۔

بیرسٹر سیف کے مطابق عمران خان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2 مسلمان ہمسایہ ممالک کے درمیان لڑائی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان نے پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کر دی تھی۔

طالبان سرحدی فورسز کے مطابق پاکستانی فضائی حملوں کے ردعمل میں افغان سرحدی فورسز مشرقی علاقوں میں بھاری لڑائی میں مصروف رہیں۔

کنڑ، ننگرہار، پکتیکا، خوست اور ہلمند کے طالبان حکام نے بھی جھڑپوں کی تصدیق کی۔

اسلام آباد نے کابل پر زور دیا تھا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو اپنی سرزمین پر پناہ دینے سے باز رہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں درجنوں افغان فوجی مارے گئے اور عسکری گروہ مؤثر اور شدید جوابی کارروائی کے باعث پسپا ہو گئے تھے۔