پاکستان

خیبرپختونخوا: باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی کے گھر پر دستی بم سے حملہ

نامعلوم حملہ آوروں نے بدھ کو بعد نماز مغرب خار تحصیل کے علاقے میں مبارک زیب خان کی رہائش گاہ پر گرینیڈ پھینکا، جس سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا، تحقیقات شروع کر دی گئیں، پولیس

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم حملہ آوروں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قبائلی اضلاع اور رُکنِ قومی اسمبلی (ایم این اے) مبارک زیب خان کے گھر پر حملہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کو پیش آیا، تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، قانون ساز کے گھر پر یہ مئی کے مہینے سے اب تک تیسرا حملہ تھا، جس میں ایک کار کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس حکام اور مقامی رہائشیوں نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے مغرب کی نماز کے بعد خار تحصیل کے علاقے شاہ نارے میں مبارک زیب خان کی رہائش گاہ پر دستی بم پھینکا، جس سے گھر کے اندر کھڑی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔

ایک پولیس اہلکار نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ خار پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم فوراً ایم این اے کے گھر پہنچ گئی، واقعے کی وجوہات جاننے اور ملوث افراد کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔

مبارک زیب خان وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے قبائلی اضلاع بھی ہیں، انہوں نے اپنے گھر پر حملے کی تصدیق کی ہے۔

واقعے کے بعد ان کے ذاتی فیس بک پیج پر شیئر کی گئی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میرے گھر کے ساتھ واقع مہمان خانے پر ایک بار پھر دستی بم سے حملہ کیا گیا، مگر اللہ کے فضل سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی’۔

اب تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، یہ 14 مئی کے بعد ان کے گھر پر ہونے والا تیسرا ایسا واقعہ ہے۔