پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق

ملاقات میں ایران اور پاکستان خاص طور پر کراچی سے تجارت کو 5 بلین سے 10 بلین روپے تک بڑھانے، کراچی اور تہران کے درمیان پروازیں شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایران کے نئے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ نے ملاقات کی، ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں تعیناتی پر ایران کے نئے قونصل جنرل کو مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران ہمارا مسلم برادر ملک ہے اور ہمارے تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں۔ نئے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کا مبارکباد پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی قونصل جنرل نے اکبر عیسیٰ زادہ نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، جبکہ ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایرانی قونصل جنرل کو ان کی حکومت کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اکبر عیسیٰ زادہ کے قونصل جنرل کی مدت میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

دوران ملاقات ایران اور پاکستان خاص طور پر کراچی سے تجارت کو 5 بلین سے 10 بلین روپے تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی کو ٹریڈ ایگزیبیشن کے حوالے سے کافی اہمیت حاصل ہے، دونوں ممالک کی تجارتی نمائش کرواکر بہتر تجارت کو فروغ دینے اور پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی روابط کو میڈیا کے ذریعے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ اور ایران قونصل جنرل نے زراعت، لائیواسٹاک اور فشریزمیں مشترکہ کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ زراعت، لائیو اسٹاک اور فشریز کے وزراء ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعلیٰ اور ایرانی قونصل جنرل نے کراچی اور تہران کے درمیان پروازیں شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ براہ راست فلائٹ سے ہمارے زائرین کو آسانی ہوگی، جبکہ کراچی تہران پروازیں شروع کرنے کے لیے نجی ایئرلائنز کو بھی کہیں گے۔

قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے سفیر کی طرف سے ایران کے دورہ کی دعوت دی، مراد علی شاہ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد ایران کا دورہ کروں گا۔