’یوکرین جنگ بندی پر ہنگری میں ملاقات ہوگی‘، ٹرمپ اور پیوٹن کی 2 گھنٹے فون پر گفتگو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہنگری میں ملاقات کریں گے، یہ پیشرفت دونوں رہنماؤں کے درمیان 2 گھنٹے سے زائد فون پر ہونے والے گفتگو کے بعد سامنے آئی، جسے دونوں نے ’مثبت اور نتیجہ خیز‘ قرار دیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ولادیمیر پیوٹن سے فون پر بات چیت کے بعد ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن کے ساتھ کال ’اچھی اور نتیجہ خیز‘ تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک کے ’اعلیٰ سطح کے مشیر‘ اگلے ہفتے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور میں پھر ایک طے شدہ مقام (بڈاپسٹ، ہنگری) میں ملاقات کریں گے تاکہ دیکھ سکیں کہ کیا ہم روس اور یوکرین کے درمیان جاری اس ’بے وقار‘ جنگ کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے مشیر اگلے ہفتے ملاقات کریں گے، جس کی قیادت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کریں گے، تاہم ملاقات کی جگہ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پیوٹن کے ساتھ اپنی گفتگو کی تفصیلات کل وائٹ ہاؤس میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی سے ملاقات کے دوران بیان کریں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کا اختتام ان الفاظ کے ساتھ کیا کہ مجھے یقین ہے کہ آج کی ٹیلیفونک گفتگو کے نتیجے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
’ٹرمپ-پیوٹن بات چیت دو گھنٹے جاری رہی‘
دریں اثنا، وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان فون کال دو گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔
سی این این کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ کے بیان کی تصدیق کی کہ گفتگو ’اچھی اور نتیجہ خیز‘ تھی اور ’اہم پیش رفت‘ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کل اس وقت جاری رہے گی جب یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔
کیرولین لیوٹ کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے فوراً بعد امن مذاکرات شروع کرنے پر بڑے کریڈٹ کے مستحق ہیں۔
ادھر، پیوٹن کے خصوصی ایلچی نے بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان فون کال نتیجہ خیز اور مثبت قرار دی۔
سی این این کے مطابق پوٹن کے خصوصی ایلچی کیریل دیمترییف نے کہا کہ روسی صدر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گفتگو ’مثبت اور نتیجہ خیز‘ رہی۔
انہوں نے ایکس پر ایک تصویر کے ساتھ پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے اقدامات ’واضح‘ ہیں۔