ایاز خان اور جونی لیور کی دوستانہ ملاقات، سندھی اجرک تحفے میں پیش کردی
سینئر اداکار ایاز خان نے بھارتی مزاحیہ اداکار جونی لیور کے ساتھ دوستانہ ملاقات کے دوران انہیں روایتی سندھی اجرک تحفے میں دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایاز خان کو جونی لیور کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
ایاز خان نے ویڈیو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس میں وہ جونی لیور کو روایتی سندھی اجرک بطور تحفہ پیش کرتے نظر آ رہے ہیں، اس کے بعد دونوں فنکار سندھی زبان میں ایک دوسرے سے بات چیت بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
ویڈیو میں ایاز خان جونی لیور سے سوال کرتے ہیں کہ کیا انہیں سندھی بولنی آتی ہے؟ جس پر وہ مسکرا کر جواب دیتے ہیں کہ ہاں، تھوڑی بہت۔
ایاز خان نے ویڈیو کے کیپشن میں بتایا کہ وہ دبئی میں جانی لیور کے ساتھ پوڈکاسٹ ریکارڈ کر رہے تھے، جہاں دونوں کے درمیان ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کامیڈی سرحدوں کی قید نہیں ہوتی اور ہنسی انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ ایاز خان نے کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کی ہے، جن میں ’خواب سہانے‘، ’ایسے نہیں کیسے‘، ’آدھا چہرہ‘ اور ’انہونی‘ شامل ہیں، جب کہ نوجوان نسل انہیں مزاحیہ ڈرامے ’بلبلے‘ میں شیر خان کے کردار سے بھی جانتی ہے۔