بولی وڈ کامیڈین گوردھن ایسرانی چل بسے
بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار اور مزاح نگار گوردھن ایسرانی کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 84 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق گوردھن ایسرانی کے مینیجر نے بتایا کہ اداکار کو سانس کی تکلیف کے باعث 16 اکتوبر کو ممبئی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی اور 20 اکتوبر کیسہ پہر دنیا سے رخصت ہوئے۔
گورھن ایسرانی نے اپنے پانچ دہائیوں سے زائد کے فلمی کیریئر میں 300 سے زیادہ فلموں میں کام کیا، جن میں ان کے مزاحیہ کرداروں نے شائقین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔
انہیں کامیاب ترین بولی وڈ فلم ’شعلے‘ (1975) میں جیلر کے کردار نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، ان کا مشہور ڈائلاگ ’ہم انگریزوں کے زمانے کے جیلر ہیں‘ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
ان کی دیگر مشہور فلموں میں ’نمک حرام، گڈی، باورچی، گل مال، ہیرا پھیری، چپ چاپ کے، ہلچل، دیوانے ہوئے پاگل اور ویلکم شامل ہیں۔
انہوں نے راجیش کھنہ کے ساتھ 25 سے زائد فلموں میں کام کیا اور اپنی شاندار مزاحیہ اداکاری سے شائقین کو محظوظ کیا۔
گوردھن ایسرانی نے 6 فلموں کی ہدایات بھی دیں، انہوں نے فلم انسٹی ٹیوٹ پونے سے اداکاری و فلم سازی کی تربیت حاصل کی تھی۔
ان کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں، جن میں صرف خاندان اور قریبی دوست شریک ہوئے۔
ان کے منیجر کے مطابق گوردھن ایسرانی کی خواہش تھی کہ ان کی موت کی خبر کو نجی رکھا جائے، دلچسپ بات یہ ہے کہ مرنے سے چند گھنٹے قبل انہوں نے انسٹاگرام پر دیوالی 2025 کی مبارکباد کی اسٹوری بھی شیئر کی تھی۔