راولپنڈی ٹیسٹ دوسرے دن، پاکستان 333 پر آؤٹ، جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں پر 185 رنز بنالیے
راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 333 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں دوسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی میں جاری ہے، جہاں پاکستان پہلی اننگز میں شان مسعود کے 87، سعود شکیل کے 66 اور سلمان علی آغا کے 45 رنز کی بدولت 333 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
مہمان ٹیم نے اننگز شروع کی تو رائن ریکلٹن 14 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوگئے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر ساجد خان کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
ٹرسٹن اسٹبز اور پہلے ٹیسٹ میچ سنچری بنانے والے ٹونی ڈی زورزی نے اچھی شراکت قائم کی تاہم، ٹونی ڈی زورزی نصف سنچری بنانے کے بعد 55 رنز پر آصف آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے جب کہ ڈیوالڈ بریوس کو کھاتہ کھولے بغیر آصف آفریدی نے ہی پویلین واپس بھیج دیا۔
دوسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبز 68 اور وکٹ کیپر بلے باز کائل ویرین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، قومی ٹیم کی جانب سے آصف آفریدی نے 2، شاہین آفریدی اورساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 333 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، عبداللہ شفیق، شان مسعود اور سعود شکیل نے نصف سنچریز بنائیں، سلمان آغا بھی 45 رنز بناکر نمایاں رہے،جنوبی افریقی مہاراج نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو سلمان علی آغا 10 اور سعود شکیل 42 رنز بناکر کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا مجموعہ 300 رنز تک پہنچایا۔
تاہم 316 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا 45 رنز بنانے کے بعد مہاراج کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، مہاراج کے اگلے ہی اوور میں نصف سنچری اسکور کرنے والے سعود شکیل 66 رنز بناکر مارکرم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے مہاراج کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ ساجد خان اور ڈیبیوٹنٹ آصف آفریدی کو بھی مہاراج نے ہی پویلین کی راہ دکھائی، یوں پوری ٹیم 333 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
میچ کے پہلے روز کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، اوپنر امام الحق نے 17، عبداللہ شفیق نے 57، بابر اعظم نے 16، کپتان شان مسعود نے 87 اور محمد رضوان نے 19 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 7، سمن ہرمر نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان پلیئنگ الیون
پاکستانی ٹیم عبداللہ شفیق، امام الحق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نعمان علی، ساجد خان، آصف آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔
جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون
جنوبی افریقی ٹیم ایڈن مارکرم، ریان رکلٹن، ٹرسٹن اسٹبز، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویریین، سینوران متھوسوامے، مارکو جینسن، سمن ہارمر، کیشو مہاراج اور کگیسو ربادا پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔