پاکستان اور یورپی یونین کا باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ اور جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، وزیر تجارت جام کمال خان نے یورپی یونین کے مثبت کردار اور مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس اسکیم کے باعث پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
جام کمال خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان انسانی حقوق، محنت کے معیارات، ماحولیات اور بہتر طرزِ حکمرانی کے حوالے سے اپنے بین الاقوامی وعدوں پر قائم ہے۔
ملاقات میں ’ یورپی یونین۔پاکستان بزنس فورم’ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ نجی شعبے کے درمیان روابط کو فروغ دیا جا سکے، دونوں فریقین نے پائیدار ترقی، اقتصادی شراکت داری اور مشترکہ خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔