پی ٹی سی ایل کو 9 ماہ میں ایک ارب 20 کروڑ روپے کا خالص نقصان
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 30 ستمبر کو ختم ہونے والے 9 ماہ کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے کا خالص نقصان رپورٹ کیا ہے، حالانکہ آپریٹنگ منافع اور مجموعی آمدنی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظور شدہ مالی نتائج کے مطابق، پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا، پی ٹی سی ایل کی علیحدہ آمدنی میں اس عرصے کے دوران 13 فیصد اضافہ ہوا، جو زیادہ تر فلیش فائبر میں 56 فیصد اور بزنس سلوشنز میں 17 فیصد ترقی کی بدولت ممکن ہوا۔
آپریٹنگ منافع 12 ارب 90 کروڑ روپے رہا، جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے، تاہم کمپنی کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنشن واجبات میں 5 ارب 90 کروڑ روپے کی اضافی غیر معمولی رقم مختص کرنے کے باعث خالص نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ٹی سی ایل کے موبائل ونگ یوفون 4G کی آمدنی میں 15 فیصد اضافہ ہوا، اس کی سود اور ٹیکس سے پہلے کی آمدنی (ای بی آئی ٹی) ایک ارب 60 کروڑ روپے سے بڑھ کر 11 ارب 90 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
یو مائیکروفنانس بینک کی آمدنی میں سال بہ سال 19 فیصد اضافہ ہوا، نتائج مجموعی طور پر مخلوط کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔