کھیل

جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر انجری کا شکار، پاکستان کیخلاف وائٹ بال سیریز سے باہر

فاسٹ باؤلر گیرالڈ کوئٹزے بھی انجری کے باعث سیریز سے آؤٹ، دونوں کھلاڑیوں کی جگہ میتھیو برٹزکے اور ٹونی ڈی زورزی کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے ٹی 20 فارمیٹ کے کپتان ڈیوڈ ملر انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ باؤلر گیرالڈ کوئٹزے بھی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، دونوں کھلاڑیوں کی جگہ میتھیو برٹزکے اور ٹونی ڈی زورزی کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے مزید بتایا کہ ڈونوون فریرا ٹی 20 سیریز میں پروٹیز ٹیم کی قیادت کریں گے۔

بورڈ کے مطابق ڈیوڈ ملر کا گزشتہ روز اسکین کروایا گیا تھا جس میں انہیں ہمیسٹرنگ اسٹرین کی تصدیق ہوئی، پروٹیز کپتان کا وطن واپسی پر ری ہیب پروگرام شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلی جائے گی، ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی جب کہ بقیہ 2 میچز 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں فیصل آباد کا رُخ کریں گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان بالترتیب 6،4 اور 8 نومبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔