لائف اسٹائل

’کیس نمبر 9‘ میں ریپ مناظر شوٹ کروانے کی وجہ سے صحت پر اثر پڑا، صبا قمر

بار بار جذباتی مناظر شوٹ کروانا اور ریپ متاثرہ لڑکی کا کردار ادا کرنا آسان نہیں تھا، کردار سے میری صحت پر بھی برا اثر پڑا، اداکارہ

اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ مقبول ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ میں ریپ کے مناظر شوٹ کروانے کی وجہ سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہوئی۔

صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ ریپ متاثرہ لڑکی کا کردار ادا کرنا ان کے لیے آسان نہ تھا اور کردار نے ان کی صحت پر بھی اثر ڈالا۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں شمعون عباسی، نادیہ خان اور عتیقہ اوڈھو کی جانب سے ’کیا ڈراما ہے‘ نامی شو میں اپنی تعریفیں کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تمام مبصرین کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ’کیس 9‘ کے مناظر شوٹ کروانے کے بعد پیش آنے والے مناظر پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ ڈرامے میں مسلسل جذباتی مناظر شوٹ کروانا ان کے لیے آسان نہیں تھا، کیوں کہ جذباتی مناظر دماغ اور جسم پر بہت بڑا دباؤ ڈالتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایسے مناظر کے دوران بار بار جذباتی ہونا اداکار کو متاثر کرتا ہے،ایسے مناظر شوٹ کروانے کی وجہ سے انہیں صحت کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن وہ اپنی بہتر دیکھ بھال کر رہی ہیں۔

صبا قمر نے لکھا کہ وہ جذباتی اور ریپ سینز مناظر شوٹ کروانے کی وجہ سے پیش آنے والے صحت کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کر رہ ہیں اور خود کو ہمیشہ یاد دلاتی ہیں کہ وہ مضبوط رہیں۔

انہوں نے تمام مبصرین کی جانب سے اپنی اداکاری کی تعریفیں کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

’کیس نمبر 9‘ ڈرامے میں صبا قمر کا کردار سحر ہے جو ایک کامیاب پیشہ ورانہ زندگی چھوڑنے پر مجبور ہوجاتی ہے کیونکہ انہوں نے اپنے باس کامران (فیصل قریشی) پر ریپ کا الزام لگایا۔

یہ ڈرامہ صحافی شاہزیب خانزادہ نے لکھا ہے اور سید وجاہت حسین نے اس کی ہدایات دی ہیں، ڈرامے کی کاسٹ میں آمنا شیخ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔