لائف اسٹائل

برے گانوں اور کاموں پر بھی والد نے ہمیشہ تعریف کی، بلال مقصود

والد انور مقصود کی حوصلہ افزائی نے مجھ میں اعتماد پیدا کیا جو بعد میں میری کامیاب میوزیکل کیریئر کی بنیاد بنا، گلوکار

پاپ میوزک بینڈ اسٹرنگز کے رکن اور گلوکار بلال مقصود نے والد لیجنڈری لکھاری انور مقصود کی شفقت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے بچپن میں برے گانے اور برے کام کرنے کے باوجود بھی والد نے ہمیشہ ان کی تعریفیں کیں۔

بلال مقصود نے حال ہی میں میوزیکل ریئلٹی شو ’پاکستان آئیڈل‘ میں والد کی شفقت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ والدین ہمیشہ اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بچپن کی خوشگوار یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد ممتاز ادیب انور مقصود نے ہمیشہ ان کی تخلیقی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

ان کے مطابق ان کی تخلیقی صلاحیتیں ناقص ہونے کے باوجود والد نے ان کی تعریفیں کیں اور اپنے ہر دوست کو ان کی تخلیقات سے متعلق بتاتے تھے۔

گلوکار بلال مقصود نے کہا کہ جب ان کی ڈرائنگز یا گانے اچھے نہیں ہوتے تھے تب بھی ان کے والد ان کے گانوں اور ڈرائنگز کی تعریف کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی گھر پر مہمان آتے تھے تو وہ ان سے کہتے تھے کہ ’بلال کا گانا سنیں‘ اور وہ 8-9 سال کی عمر میں کی بورڈ پر بیٹھ کر گاتے تھے۔

بلال مقصود کے مطابق والد کی حوصلہ افزائی نے ان میں اعتماد پیدا کیا جو بعد میں ان کی کامیاب میوزیکل کیریئر کی بنیاد بنا۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی طرف سے بچپن میں تنقید یا رد کرنا بچے کے جذبے کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ اگر والدین بچپن سے ہی کہنا شروع کر دیں کہ ’نہیں، یہ مت کریں، آپ غلط کر رہے ہو‘، تو یہ بچے کی تخلیقی صلاحیتوں کا خاتمہ کر سکتا ہے۔