بھارت میں آسٹریلوی ویمن کرکٹرز بھی غیر محفوظ، موٹرسائیکل سوار کی نازیبا حرکت
بھارت میں آسٹریلوی ویمن کرکٹرز بھی محفوظ نہیں ہے، ویمنز ورلڈکپ کے میچ سے قبل آسٹریلوی کرکٹرز کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے والے موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈکپ کے میچ سے قبل آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے ۔
رپورٹ میں بتایاگیا کہ آسٹریلوی ٹیم کی 2 خواتین کرکٹرز کو مدھیہ پردیش میں ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے نازیبا طریقے سے چھوا اور فرار ہو گیا۔
یہ واقعہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آیا تھا جب آسٹریلوی ٹیم کی کھلاڑی اپنے ہوٹل سے باہر نکل کر قریبی کیفے کی طرف جا رہی تھیں۔
دوسری جانب، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی 2 کھلاڑیوں کو بھارت میں نامناسب طور پر چھونے کے واقعے پیش آیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق، ان دونوں کھلاڑیوں کو ایک موٹر سائیکل سوار نے ہراساں کیا، جس کے بعد ٹیم نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مقامی پولیس نے ایک مشکوک شخص کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے جب کہ خواتین کرکٹرز کا بیان بھی ریکارڈ کرکے ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا اس سے پہلے بھی کرمنل ریکارڈ موجود ہے جب کہ ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی گئی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اپنی پول کا آخری میچ ہفتے کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا، جس کے بعد اگلے ہفتے سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔