آئی سی یو میں داخل شریاس آئیر کی طبیعت اب کیسی ہے؟ بھارتی کپتان نے بتادیا
آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں انجرڈ ہوکر انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہونے والے بھارتی کھلاڑی شریاس آئیر کی طبیعت سے متعلق بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے تفصیلات بتادیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی بلے باز شریاس آئیر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں میچ کے دوران کیچ پکڑتے وقت تلی (اسپلین) پر چوٹ لگنے کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
تاہم، بھارتی کھلاڑی کی انجری سنگین نوعیت کی ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں سڈنی کے ہسپتال میں آئی سی یو ایل میں داخل کیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گیند لگنے سے ممکنہ طور پر شریاس آئیر کی تلی (اسپلین) پھٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ان کا اندرونی خون بہنے لگا تھا۔
ذرائع کے مطابق گراؤنڈ میں گرنے کے فوراً بعد ان کے جسم کے ’وائٹلز‘ خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے باعث انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر ان کی بچنے کے امکانات انتہائی محدود بتائے گئے تھے۔
30 سالہ شریاس آئیر کو بائیں پسلیوں کے نچلے حصے پر چوٹ اُس وقت لگی جب انہوں نے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری کا شاندار کیچ پکڑا تھا، جو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک فیصلہ کن لمحہ تھا۔
یہ میچ بھارت نے 9 وکٹوں سے جیت لیا تھا، تاہم فتح کے باوجود بھارت کو سیریز 1-2 سے شکست ہوئی، کیونکہ وہ پرتھ اور ایڈیلیڈ میں ابتدائی دونوں میچ ہار چکا تھا۔
بھارتی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان گیند لگنے کے فوراً میدان سے باہر چلے گئے اور آسٹریلیا کی بقیہ اننگز میں واپس نہیں آئے تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بھی تصدیق کی تھی کہ ہسپتال میں اسکینز سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی تلی پھٹنے سے اندرونی طور پر شدید زخم آئے تھے، تاہم اب ان کی طبیعت بہتر ہورہی ہے۔
دوسری جانب، صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بھارتی ٹی20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ’فون پر بات ہوئی تھی، وہ اب بہتر محسوس کررہے ہیں اور وہ کچھ دن ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہی رہیں گے جس کے بعد ان کی وطن واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت کی اگلی ون ڈے سیریز 30 نومبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہوگی، تاہم 73 ون ڈے میچوں میں 2917 رنز بنانے والے شریاس ائیر کی واپسی سے متعلق ابھی تک کچھ نہیں کہا جاسکتا۔