اب سندھ میں میرٹ پر اہل لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ جاب پورٹل کا آغاز نہایت اہم قدم ہے، اب سندھ میں میرٹ پر اہل لوگوں کو نوکریاں ملیں گی، گریڈ 5 تا 15 نوکریاں سندھ جاب پورٹل سے شفاف طریقے سے دی جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں بدعنوانی کا موقع بہت کم ہے، اسے بھی ختم کر دیا جائے گا، اس پورٹل کا افتتاح عوامی خدمت کی فراہمی میں ایک سنگِ میل ہے، منصوبہ ڈیجیٹل تبدیلی، شفافیت اور عوامی با اختیاری کا مظہر ہے۔
مراد علی شاہ نےکہا کہ ہم ایک ڈیجیٹل طور پر مستحکم اور مستقبل کے لیے تیار سندھ کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہم ایسے نتائج دے رہے ہیں جو عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں، ہم ایسا سندھ بنا رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی عوام کا حق ہو، ہمارا مقصد قابلِ رسائی اور با اختیار نظام بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سائنس اینڈ آئی ٹی حکومت کا عملی و اسٹریٹیجک بازو ہے، سندھ جاب پورٹل مؤثر، جامع اور شہری مرکوز آئی ٹی سسٹمز کی بہترین مثال ہے، حکمرانی کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہری و دیہی علاقوں میں عوامی سہولت کے پلیٹ فارمز متعارف کرا رہے ہیں، یہ محض آغاز ہے، سائنس اینڈ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ ڈیجیٹل خدمات کے دائرے کو وسعت دے رہا ہے، محکمہ ای-لرننگ، ہنر مندی کی تربیت، اسمارٹ گورننس اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں پر کام کر رہا ہے۔