پاکستان

ملک کی ترقی اور مستقبل کا انحصار اسپیس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر ہے، احسن اقبال

ترقی کے تمام راستے تیز رفتار انٹرنیٹ سے جڑے ہیں، پاک سیٹ کی نئی سیٹلائٹ لانچ کے بعد ریموٹ ایریاز میں انٹرنیٹ فراہمی ممکن ہوگی، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور مستقبل کا انحصار اسپیس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر ہے، پاک سیٹ کی نئی سیٹلائٹ لانچ کے بعد ریموٹ ایریاز میں انٹرنیٹ فراہمی ممکن ہوگی۔

اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاک سیٹ اور کے سیفک سیٹلائٹ کے درمیان معاہدے کی تقریب منعقد کی گئی، سیٹلائٹ سروسز کے معیار میں بہتری کے لیے یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک کی ترقی اور مستقبل کا انحصار اسپیس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر ہے، ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے معاشرہ مذہب کو تقسیم کے لیے استعمال کر رہا ہے، جبکہ ترقی کے تمام راستے تیز رفتار انٹرنیٹ سے جڑے ہیں، احسن اقبال نے کہا کہ پاک سیٹ کی نئی سیٹلائٹ لانچ کے بعد ریموٹ ایریاز میں انٹرنیٹ فراہمی ممکن ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب سینٹرل اسپیس پروگرام پر کام تیز کر رہی ہے تاکہ سیٹلائٹ ڈیٹا کو معیشت کے فائدے کے لیے استعمال کیا جا سکے،وفاقی وزیر کے مطابق، اب انٹرنیٹ معیشت کا ایندھن بن چکا ہے۔

ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے تعلیم اور مواقع تک رسائی ممکن ہوگی،جبکہ براڈ بینڈ کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کوریج بھی بڑھائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین اسپارکو محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ کمپنی کے اشتراک سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی فراہمی سے ملک میں براڈ بینڈ کوریج بہتر ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ اسپارکو ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق کام کر رہا ہے، جبکہ ’اُڑان پاکستان‘ پروگرام کے تحت چاند پر اترنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، چیئرمین اسپارکو کے مطابق مقصد قوم کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا ہے۔