کاروبار

پاکستان کسٹمز کی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت چاندی کی اسمگلنگ ناکام بنا دی

یہ مربوط کارروائیاں پاکستان کسٹمز کی بڑھتی ہوئی نگرانی اور ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت انٹر ایجنسی تعاون کی عکاسی کرتی ہیں، ترجمان

پاکستان کسٹمز نے مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت چاندی کی اسمگلنگ کی متعدد کوششیں ناکام بنا دیں ۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) اسلام آباد کی ہدایت پر کوئٹہ، کراچی اور گڈانی کی فیلڈ فارمیشنز نے مربوط کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسمگل شدہ چاندی اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ مصدقہ خفیہ اطلاع پر کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ نے یارو کے علاقے میں ایک ٹویوٹا گاڑی کو روکا، جس کی تلاشی لینے پر اس سے 40 عدد خالص چاندی کی اینٹیں اور 36 عدد بسکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 49 کلو گرام تھا۔

مزید بتایا کہ ضبط شدہ اشیا اور گاڑی کی مجموعی تخمینہ مالیت تقریباً 2 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار روپے ہے، برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایف بی آر اعلامیے کے مطابق مصدقہ خفیہ معلومات پر مبنی دو علیحدہ کارروائیوں میں کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے موچکو چیک پوسٹ آر سی ڈی ہائی وے پر اسمگلنگ کی بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 45 کلو اسمگل شدہ چاندی برآمد کی، جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پہلی کارروائی میں گوادر سے آنے والی مسافر بس کو روکا گیا، جس سے 25 کلو چاندی برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہے، مذکورہ چاندی مسافر محمد عارف ولد شاہجہان کے سامان سے برآمد ہوئی، جو درآمد کی قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔

ایف بی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں مسافر بس سے مزید 20 کلو چاندی برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے، بس اور عملے کو حراست میں لے لیا گیا اور برآمد شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت ضبط کر لیا گیا۔

اسمگل شدہ اشیا کے ماخذ، روٹ اور وصول کنندگان کی نشاندہی کرنے اور قیمتی دھاتوں کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث کسی بھی نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) خورکھیرہ نے پیشگی اطلاع ملنے اور اوتھل پولیس کے تعاون سے ایک ٹویوٹا کرولا کو روکا، تلاشی کے دوران 25 کلو اسمگل شدہ چاندی برآمد ہوئی۔ گاڑی میں سوار دو افراد کو گرفتار کرکے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، ضبط شدہ سامان اور گاڑی کو تحویل میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستان کسٹمز کے ترجمان نے کوئٹہ، کراچی اور گڈانی میں کسٹمز انفورسمنٹ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر داخلی و خارجی راستے پر قیمتی دھاتوں اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کو مؤثر طور پر روکا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ مربوط کارروائیاں پاکستان کسٹمز کی بڑھتی ہوئی نگرانی اور ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت انٹر ایجنسی تعاون کی عکاسی کرتی ہیں جس کا مقصد قومی معیشت کا تحفظ اور قانونی تجارت کو یقینی بنانا ہے۔