پاکستان

خیبر پختونخوا میں نئی کابینہ کیلئے بولیاں لگ رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

اچھی وزارتوں کے لیے ایک ارب سے 70 کروڑ تک کا ریٹ طے ہو رہا ہے۔ جو لوگ پیسے دے کر وزیر بنیں گے وہ کرپشن کیوں نہیں کرینگے، وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نئی کابینہ کے لیے ابھی سے بولیاں لگ رہی ہیں، جو لوگ پیسے دے کر وزیر بنیں گے وہ کرپشن کیوں نہیں کریں گے ؟

پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نئی کابینہ کے لیے ابھی سے بولیاں لگ رہی ہیں، اچھی وزارتوں کے لیے ایک ارب سے 70 کروڑ تک کا ریٹ طے ہو رہا ہے۔ جو لوگ پیسے دے کر وزیر بنیں گے وہ کرپشن کیوں نہیں کریں گے؟

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبے بعد میں شروع ہوتے ہیں پہلے حصے بانٹنے کی بولیاں لگتی ہیں۔ 40 ارب روپے کا کوہستان کرپشن اسکینڈل اس کی بڑی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سال میں 80 منصوبے شروع کیے۔ پنجاب میں 50 سے زیادہ منصوبے مریم نواز کی حکومت مکمل کر چکی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے کسی ایک بھی منصوبے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ پنجاب میں تمام کام میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کے ہیلتھ کارڈ پر اپنی مہر لگوانے والے ہمیں کس منہ سے کاپی پیسٹ کے طعنے دے رہے ہیں؟