لاہور: سی سی ڈی انسپکٹر تاجر کو اغوا کرکے تاوان کی رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے افسران نے تاجر کو اغوا کر کے پانچ کروڑ تاوان طلب کیا، 40 لاکھ وصول کرتے ہوئے انسپکٹر سمیت دو اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں سی سی ڈی انسپکٹر نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ولید کو گھر کے قریب سےاغوا کیا اور اہل خانہ سے ولید کی رہائی کے عوض 5کروڑ تاوان مانگا، اور تاوان ادا نہ کرنے پر مغوی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
سی سی ڈی انسپکٹر کی ولید کے اہل خانہ سے 40 لاکھ تاوان کی ڈلیل ہوئی، ولید کے اہل خانہ نے 40 لاکھ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو گھر فروخت کرکے رقم کا بندوبست کیا۔
انسپکٹرتاوان کی رقم وصول کرنے کےلیے مغوی کے اہلخانہ کو شہرکی مختلف جگہوں پر بلاتارہا، انسپکٹرنے ایل او ایس کے قریب40 لاکھ روپے تاوان وصول کیا، اسی دوران تھانہ کاہنہ کی پولیس نے ملزم انسپکٹر اورساتھی کانسٹیبل کو رقم سمیت گرفتارکرلیا۔
مغوی ولید کو بخفاظت اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا ہے جبکہ تھانہ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن میں اغوا برائے تاوان میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشن لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی کو بازیاب کرانے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد اغوا کار افسر اور اہلکار کی گرفتاری عمل میں آئی۔