موسم سرما میں معمول سے کم بارش اور برفباری کی پیشگوئی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے موسمِ سرما کے لیے ارلی وارننگ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ رواں سال ملک بھر میں معمول سے کم بارشیں اور کم درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ عالمی موسمیاتی عوامل کے تجزیے کے بعد جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق آئندہ تین ماہ میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ جبکہ بارشیں معمول سے کم ہوں گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کی شدت میں کمی کے باعث پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں خشک موسم رہے گا، شمالی علاقوں میں نومبر اور دسمبر میں ٹھنڈی ہوائیں بڑھیں گی تاہم برفباری معمول سے کم ہوگی، جبکہ فروری اور مارچ میں زیادہ برفباری متوقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ پنجاب میں نومبر کے دوران خاطر خواہ سردی نہیں ہوگی مگر راتوں میں درجہ حرارت گرنے سے فوگ اور سموگ میں اضافہ ہوسکتا ہے، اسی طرح سندھ اور پنجاب میں نومبر اور دسمبر میں اسموگ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ارلی وارننگ سسٹم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مؤثر ثابت ہوا ہے، جس کے ذریعے سموگ اور موسمی تبدیلیوں کا تین ماہ قبل ڈیٹا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ خشک موسم اور کم بارشیں فصلوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، جبکہ سردیوں کا آغاز اب دسمبر کے بجائے جنوری کے آخر میں متوقع ہے۔