کھیل

’ویری ویل پلیڈ بوائز اِن گرین‘، وزیراعظم کی قومی ٹیم کو مبارکباد

آج قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 437 شائقین نے شرکت کی، جو ملکی تاریخ میں کسی بھی کرکٹ میچ کیلئے سب سے زیادہ حاضری ہے، واقعی یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک یادگار اور تاریخی دن ہے، چیئرمین پی سی بی

وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کو ٹی20 سیریز میں شکست دینے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’ویری ویل پلیڈ بوائز ان گرین‘۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی کمال دکھاتے ہوئے فیصلہ کن مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے بابراعظم کی شاندار نصف سینچری کی بدولت 6 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی20 سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاندارکارکردگی پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

شہبازشریف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’ویری ویل پلیڈ بوائز ان گرین‘۔ وزیراعظم نے بہترین پرفارمنس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور انکی ٹیم کی تعریف کی۔

دوسری جانب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اور شاندار دن رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 437 شائقین نے شرکت کی، جو ملکی تاریخ میں کسی بھی کرکٹ میچ کے لیے سب سے زیادہ حاضری ہے، واقعی یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک یادگار اور تاریخی دن ہے۔