کھیل

دنیا کے معمر ترین سابق اولمپک چیمپئن شارل کوست 101 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

شارل کوست نے 1948 کے لندن اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا اور 2024 کے پیرس اولمپکس میں مشعل بردار کے طور پر بھی شریک ہوئے تھے۔

دنیا کے معمر ترین سابق اولمپک چیمپئن اور سابق ٹریک سائیکلسٹ شارل کوست 101 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، فرانسیسی وزیرِ کھیل میرینا فیراّری نے اتوار کو ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق شارل کوست نے 1948 کے لندن اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا اور 2024 کے پیرس اولمپکس میں مشعل بردار کے طور پر بھی شریک ہوئے تھے۔

وزیرِ کھیل میرینا فیراری نے کہا کہ ’لندن اولمپکس کے چیمپئن شارل کوست کے انتقال کی خبر بڑے دکھ کے ساتھ موصول ہوئی، 101 برس کی عمر میں وہ کھیلوں کے لیے ایک عظیم وراثت چھوڑ کر گئے ہیں‘۔

رپورٹس کے مطابق کوست کا انتقال جمعرات کے روز ہوا۔

انہوں نے اپنی سائیکلنگ کیریئر کا آغاز دوسری جنگِ عظیم سے قبل کیا، مگر جنگ کے باعث وقفہ آگیا، جنگ کے بعد انہوں نے دوبارہ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا، 1947 میں فرانس کا قومی خطاب جیتا اور اگلے سال لندن اولمپکس میں ٹیم پرسیوٹ ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا، جس میں فرانس نے سیمی فائنل میں برطانیہ اور فائنل میں اٹلی کو شکست دی تھی۔

رواں سال جنوری میں ہنگری کی جمناسٹ ایگنس کیلیتی کے انتقال کے بعد 8 فروری 1924 کو پیدا ہونے والے شارل کوست دنیا کے معمر ترین زندہ اولمپک چیمپئن بن گئے تھے۔