لائف اسٹائل

تھیٹر چھوٹا نہیں سب سے مشکل کام ہے، معمر رانا کا تھیٹر کرنے کے بعد رد عمل

نسیم وکی نے 15 سال قبل ہی ’یہ چوڑیاں‘ کرنے کا کہا تھا لیکن میں ہر بار ان کی بات ٹال دیتا تھا، اداکار

فلم اسٹار معمر رانا نے اسٹیج تھیٹر کو سب سے مشکل کام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگ غلط ہیں جو تھیٹر کو سب سے چھوٹا کام قرار دیتے ہیں۔

معمر رانا نے حال ہی میں لاہور کے مقامی تھیٹر میں ’یہ چوڑیاں‘ نامی ڈرامے سے تھیٹر اداکاری کا آغاز کیا ہے، ان کے ساتھ ماضی کی مقبول فلم اداکارہ خوشبو بھی مذکورہ ڈرامے میں نظر آئیں۔

’یہ چوڑیاں‘ نامی تھیٹر ڈرامے میں معمر رانا کی اداکاری کو زیادہ پسند نہیں کیا گیا جب کہ بعض مداحوں نے تھیٹر ڈرامے کے ڈانس سمیت دیگر مناظر کو بھی نامناسب قرار دیا۔

لوگوں کی تنقید اور ملے جلے رد عمل کے بعد معمر رانا نے نسیم وکی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تھیٹر اداکاری کو سب سے مشکل قرار دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران نسیم وکی نے کہا کہ پنجاب بھر میں 75 سے زائد اسٹیج تھیٹرز ہیں، جہاں ’یہ چوڑیاں‘ نامی معمر رانا اور خوشبو کے ڈرامے کو دکھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تھیٹر پر تنقید کرنے والے یہ دیکھیں کہ ملک میں سینما نہیں رہے لیکن تھیٹرز چل رہے ہیں۔

نسیم وکی کے مطابق وہ کئی سال سے معمر رانا کے پیچھے پڑے ہوئے تھے اور انہیں ’یہ چوڑیاں‘ نامی تھیٹر کرنے کا کہتے رہتے تھے لیکن وہ نہیں مانتے تھے۔

ان کی بات پر معمر رانا نے بھی تصدیق کی کہ نسیم وکی نے 15 سال قبل ہی انہیں ’یہ چوڑیاں‘ کرنے کا کہا تھا لیکن وہ ہر بار ان کی بات ٹال دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا، جو لوگ تھیٹر کو کم یا چھوٹا کام سمجھتے ہیں، انہیں جان لیں کہ تھیٹر سب سے مشکل اور بڑا کام ہے۔

معمر رانا کے مطابق یہ سچ ہے کہ انہوں نے پہلے فلموں میں کام کیا لیکن انہیں احساس ہے کہ تھیٹر سب سے مشکل کام ہے۔