پاکستان

کراچی: ڈمپر نے ایک اور جان لے لی، مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی، ڈرائیور گرفتار

واقعہ نشتر روڈ پر رامسوامی کے علاقے میں پیش آیا، حادثے میں متوفی شاہزیب کی اہلیہ زخمی، ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کی جائے حادثہ آمد پر اہل علاقہ مشتعل، گارڈ نے فائرنگ کردی، مقدمہ درج

کراچی میں نشتر روڈ پر رامسوامی کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کراچی میں نشتر روڈ پر رامسوامی کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی۔

جاں بحق نوجوان کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے، شاہ زیب گارڈن کا رہائشی تھا، مشتعل افراد نے ڈمپر کو نذرآتش کردیا جبکہ واقعے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہوگیا، جسے بعد ازاں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب، حادثے کے بعد ڈمپر نذرآتش کیے جانے پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود مسلح گارڈ کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جنہیں دیکھ کر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا۔

اس موقع پر جاتے جاتے ڈبل کیبن میں سوار لیاقت محسود کے گارڈ نے عوام پر فائرنگ کردی۔ ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود نے دعویٰ کیا ہے کہ لوگوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا۔ انہوں نے احتجاجاً نیشنل ہائی وے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سرعام اسلحے کی نمائش اور فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں پر بندوق تاننا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آجی سندھ واقعے کا نوٹس لیں، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کریں، قانون سب کے لیے برابر ہوگا تو لوگ پولیس پر اعتماد کریں گے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق شخص کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اورکہا کہ جاں بحق شخص کی زخمی اہلیہ کو ہر ممکن طبی امداد دی جائے گی۔

انہوں نے کہ کراچی میں ڈرائیونگ قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری چالان کیے جارہے ہیں، ٹریفک حادثات میں لوگوں کی جان لینے والوں کو بھی عبرتناک سزا دی جائے۔

دریں اثنا، کراچی میں نشتر روڈ پر ڈمپر حادثے اور فائرنگ کا مقدمہ عبدالقادر میمن کی مدعیت میں گارڈن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، اندراج مقدمہ کے موقع پر ہیومن رائٹس کمیشن اور ایم کیو ایم کے رہنما بھی گارڈن تھانے میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شہر میں ڈمپر کے حادثات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ 2 نومبر کو ملیرکینٹ تھانے کی حدود جناح ایونیو پر شاپنگ مال کے سامنے ڈمپر کی ٹکر سے ایف آئی اے کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد ایوب خان جاں بحق ہوگیا تھا۔

متوفی روفی ڈریم لینڈ کا رہائشی تھا اور ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کے بعد واپسی پر حادثے کا شکار ہوا تھا، پولیس نے واقعے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا۔

اس سے قبل 30 ا کتوبر کو کورنگی سنگر چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے روکی گئی موٹرسائیکلوں پر چڑھ دوڑا تھا، حادثے میں ایک شہری 40 سالہ اقرار اسرار جاں بحق ہوگیا تھا۔