جیل حکام سلمان اکرم راجا کی عمران خان سے آج ملاقات یقینی بنائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے کیس میں ہدایت جاری کی ہے کہ جیل حکام آج ہی سلمان اکرم راجا کی سے ملاقات یقینی بنائیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل کو فون کال کے ذریعے جیل حکام کو ملاقات کے حوالے سے آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کی بنیاد پر پابندی کی درخواست پر سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی حاصل نہیں، اس لیے وہ ہدایات کے بغیر جواب نہیں دے سکتے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ عدالت اس وقت ملاقات سے متعلق درخواست نہیں سن رہی، تاہم بعد میں عدالت نے ہدایت جاری کی کہ جیل حکام آج ہی سلمان اکرم راجا کی عمران خان سے ملاقات یقینی بنائیں۔
عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی کہ وہ فون کال کے ذریعے جیل حکام کو ملاقات کے حوالے سے آگاہ کریں۔
جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر پابندی کے کیس سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔