کاروبار

سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی بڑا اضافہ

عالمی منڈی میں سونا 59 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 134 ڈالر فی اونس پر بند ہوا، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن

ملک میں سونے کی قیمت مسلسل دوسرے روز بھی بڑھ گئی، 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آل پاکستان صرافہ جمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ منگل کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 900 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 35 ہزار 762 روپے تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 65 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 73 ہزار 595 روپے ہوگئی، جبکہ 22 قیراط کا 10 گرام سونا 4 ہزار 901 روپے اضافے سے 3 لاکھ 42 ہزار 474 روپے تک جا پہنچا۔

عالمی منڈی میں بھی سونا 59 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 134 ڈالر فی اونس پر بند ہوا۔

دریں اثنا، چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 144 روپے بڑھ کر 5 ہزار 353 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 124 روپے اضافے سے 4 ہزار 589 روپے تک پہنچ گئی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی منڈی میں چاندی 1.44 ڈالر کے اضافے سے 50.91 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی۔