اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملے کا مقدمہ درج
اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں ایکسپلوسیو ایکٹ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر کے متن کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس کے باہر گیٹ پر خود کش دھماکا کیا گیا، دھماکے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خُودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔
سرکاری نشریاتی ادارے ’پی ٹی وی نیوز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنۃ الخوارج نے خودکش دھماکا کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ سخت سیکیورٹی کی وجہ سے حملہ آور کچہری میں داخل نہیں ہوسکے، موقع ملنے پر بمبار نے پولیس کی گاڑی کے قریب خود کو اُڑا دیا۔