سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کمی، چاندی کی قیمت میں اضافہ
پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے جبکہ چاندی کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو پاکستان میں 24 قیراط سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 34 ہزار 762 روپے فی تولہ رہی، جو گزشتہ کاروباری روز 4 لاکھ 35 ہزار 762 روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 72 ہزار 738 روپے ہو گئی، جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 786 روپے کمی کے ساتھ 3 لاکھ 41 ہزار 688 روپے رہی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی اور یہ 59 ڈالر گھٹ کر 4 ہزار 124 ڈالر ہو گئی، جو پہلے 4 ہزار 134 ڈالر تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا، 24 قیراط چاندی فی تولہ کی قیمت 81 روپے بڑھ کر 5 ہزار 424 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام کی قیمت 69 روپے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 658 روپے رہی۔
ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمت میں 0.81 ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ 51.72 ڈالر تک پہنچ گئی، جو پہلے 50.91 ڈالر تھی۔