کراچی: بلاول ہاؤس کے قریب نصب سیف سٹی کیمروں کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری
کراچی کے علاقے کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب نصب سیف سٹی کیمروں کے ایک ڈسٹری بیوشن باکس کی چوری کی خبر سامنے آئی۔
ضلع جنوبی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سید اسد رضا نے بتایا کہ ڈسٹری بیوشن باکس کی چوری کی اطلاع مقامی پولیس کو 6 نومبر کو دی گئی تھی۔
ڈی آئی جی کے مطابق ’یہ ایک غیر فعال / غیر آپریشنل پول سائٹ تھی جو سی راک اپارٹمنٹس کے قریب سی ویو میں واقع ہے، جہاں 6 نومبر 2025 کو ڈسٹری بیوشن باکس کی چوری رپورٹ کی گئی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ قریبی ہوٹل کے عملے کے مطابق ’چوری کی اطلاع سے چند گھنٹے قبل ایک گاڑی کرین کے ساتھ کھمبے پر کام کرتی ہوئی دیکھی گئی تھی‘۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ’اس کے بعد کچھ سوئچز اور بیٹری غائب ہو گئی‘۔
پولیس نے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی، لیکن کوئی ریکارڈ نہیں ملا، اب تفتیش کار اس گاڑی کا سراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں جس پر یہ ساز و سامان ہٹانے کا شبہ ہے، ڈی آئی جی نے کہا کہ وہاں کوئی الارم سسٹم نصب نہیں تھا۔
سید اسد رضا نے مزید کہا کہ ’الارم سسٹم کی غیر موجودگی کی وجہ سے یہ بتانا مشکل ہے کہ ڈسٹری بیوشن باکس کب ہٹایا گیا‘، انہوں نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی آئی جی جنوبی نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس بہت زیادہ اونچائی پر اور بھاری وزن کے ساتھ نصب تھا، اس لیے کسی شخص کے لیے اسے چوری کرنا ممکن نہیں تھا، انہوں نے مزید کہا کہ کیمرے بھی فعال نہیں تھے۔
سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ یہ مکمل طور پر تاریکی والا علاقہ ہے، یہاں نہ کوئی اسٹریٹ لائٹس ہیں اور نہ ہی کسی نجی ریسٹورنٹ نے سی سی ٹی وی نصب کیا ہے، سی راکس اپارٹمنٹس کا صرف ایک کیمرہ موجود ہے جو پارکنگ کے محدود حصے پر ہی نظر رکھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں ہم نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور کے ایم سی کو اس علاقے میں اسٹریٹ لائٹس لگانے کے لیے خطوط بھیجے، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا‘۔