لائف اسٹائل

سیمی راحیل نے پاکستانی ایوارڈ شوز کی حقیقت بتادی

جب ہمارے ملک میں عام انتخابات میں ہی درست ووٹنگ نہیں ہوتی تو ایوارڈ شوز کی ووٹنگ پر بھروسہ کیسے کیا جا سکتا ہے، سینئر اداکارہ

سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے پاکستانی ایوارڈ شوز کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈز اصل میں جعلی ہیں اور ان میں میرٹ کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔

سیمی راحیل نے حال ہی میں سنو نیوز کے پروگرام میں شرکت کے دوران پاکستانی ایوارڈ شوز پر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ شوز دراصل ایوارڈز نہیں بلکہ عوامی تقاریب ہوتی ہیں، جن کا انعقاد کبھی پاکستان میں اور کبھی بیرونِ ملک کیا جاتا ہے۔

سیمی راحیل نے بتایا کہ ہر چینل نے اپنے اپنے ایوارڈز متعارف کر رکھے ہیں جو پسندیدگی اور جانبداری کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں، ان میں نہ انصاف ہے اور نہ میرٹ۔

انہوں نے ایوارڈ شوز میں ووٹنگ کے عمل کو بھی مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ سوچ بھی کیسے سکتا ہے کہ ایوارڈز ووٹنگ کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔

ان کے مطابق جب ہمارے ملک میں عام انتخابات میں ہی درست ووٹنگ نہیں ہوتی تو ایوارڈ شوز کی ووٹنگ پر بھروسہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔

سیمی راحیل نے مزید کہا کہ امریکا جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی ووٹنگ کے نظام میں بے ضابطگیاں پیدا ہو چکی ہیں، لہٰذا ان ایوارڈ شوز میں ووٹنگ کا عمل بالکل غیر حقیقی ہے۔