وزیراعظم کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پرمل کرکام کرنے کا عزم
وزیراعظم شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن، جدت اور جدید سہولیات کی فراہمی ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو جدید خطوط پر استوار کرے گی، صوبے اور ملک بھر کے تمام ریلوے سٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
کراچی میں کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش اور شالیمار ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن کراچی کی بہترین تزئین و آرائش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسافروں کی انتظار گاہ، ڈائننگ روم، خودکار ٹکٹ سسٹم بہت شاندار ہے، کینٹ اسٹیشن پر شاندار طریقے سے کام کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آؤٹ سورس کے ذریعے شالیمار ایکسپریس کا بہترین کام کیاگیا، شالیمار ایکسپریس کی فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس قابل دید ہے، اس ٹرین کو مکمل طور پر نیا بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، ریلوے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کے ذمے ہے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ وزارت ریلوے سنبھالی تو ادارہ زبوں حالی کا شکار تھا، گزشتہ 8 ماہ کے دوران ریلوے میں نمایاں اصلاحات کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر اپ گریڈیشن کا کام قلیل مدت میں مکمل کیا گیا، کراچی سٹی اسٹیشن پر بھی جلد کام شروع کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 150سال بعد روہڑی جنکشن کو بھی اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں اور پرانی عمارتوں کی بحالی کیلئے بھی جلد کام شروع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورس کے عمل میں ملازمین کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے تقریب میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔