پاکستان

ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 23 خوارج ہلاک

خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خارجی مارے گئے، ایک اور آپریشن کے دوران مزید 11 خارجی ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا، فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 خارجی ہلاک کردیے، ایک اور آپریشن کے دوران مزید 11 خارجی ہلاک کردیے گئے۔

علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ملکی قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔