انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن نے طلال چوہدری کو طلب کرلیا
انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو 24 نومبر کو طلب کرلیا جب کہ وفاقی وزیر اویس لغاری اور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم حذیفہ رحمٰن کو نوٹس جاری کردیے۔
ڈان نیوز کے مطابق این اے-96 فیصل آباد میں ضمنی الیکشن میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر وزیر مملکت طلال چوہدری کو نوٹس جاری کردیا، الیکشن کمیشن نے طلال چوہدری کو 24 نومبر کو طلب کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرکے کود آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی۔
ادھر الیکشن کمیشن نے این اے-185 ڈیرہ غازی خان میں وزرا کی موجودگی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبر کا نوٹس بھی لیا جب کہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معاون خصوصی برائے وزیر اعظم حذیفہ رحمٰن اور وفاقی وزیر اویس لغاری کو نوٹس جاری کردیے، دونوں وزرا کو 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر کا کہنا ہے کہ حلقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد جاری ہے جب کہ انتخابی سرگرمیوں کی مختلف ذرائع سے کلوز مانیٹرنگ جاری ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق کسی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔