کھیل

ایشیا کپ رائزنگ اسٹار: بنگلہ دیش کی سپر اوور میں بھارت کو شکست، فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، جواب میں بھارتی ٹیم بھی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکی۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹار میں بنگلہ دیش نے مضبوط حریف بھارت کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کا پہلا سیمی فائنل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلا گیا، جہاں سنسنی خیز مقابلے کا نتیجہ سپر اوور میں سامنے آیا، بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے، جواب میں بھارت بھی مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکا۔

مقابلہ برابر ہونے پر سپر اوور کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارت کے 2 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہو گئے، ایک رن کا ہدف بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے میگا ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

قبل ازیں، بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 195 رنز کا ہدف دیا، بنگلہ دیش کی جانب سے رحمٰن سوہان نے شاندار 65 رنز کی اننگز کھیلی، ایس ایم مہروب 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کے گرجپنیت سنگھ نے 2 جبکہ دیگر 4 باؤلرز نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ہدف کےتعاقب میں بھارتی اوپنر نے 55 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم بنگلہ دیشی باؤلرز نے حریف بیٹرز کے لیے ہدف کے حصولی کو خاصا مشکل بنا دیا تھا، ویبھو سوریا ونشی 38 اور پریانش آریا 44، کپتان جتیش شرما 33 اور نہال ودھیرا 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی طرف ابو حیدر اور رقیب الحسن 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں رہے۔