پاکستان

کراچی: پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت

کے-3 پمپنگ اسٹیشن گزشتہ رات بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا شکار ہوا، اور خرابی اب تک دور نہیں کی جا سکی، ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن؛ نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ، گلستان جوہر، گلشنِ اقبال ، نیو کراچی، صدر اور کلفٹن میں پانی کی شدید قلت ہے

کراچی کے رہائشیوں کو آج بھی پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار کی جانے والی بجلی کی بندش ہے، جس نے شہر کے واٹر پمپنگ سسٹم کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق شہر کا اہم کے-3 پمپنگ اسٹیشن گزشتہ رات بجلی کے ایک بڑے بریک ڈاؤن کا شکار ہوا اور خرابی اب تک دور نہیں کی جا سکی۔

ترجمان نے بتایا کہ اس اسٹیشن کو منگل کو بھی ایک بڑی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور 41 گھنٹے کی تاخیر کے بعد گزشتہ روز ہی بجلی بحال ہوئی تھی۔

چند ہی گھنٹوں بعد دوبارہ الیکٹرک کیبل میں خرابی پیدا ہو گئی، جس کی وجہ سے اسٹیشن کو ایک بار پھر بند کرنا پڑا، اس سے قبل پیر کو بھی تیکنیکی مسائل دور کرنے کے لیے اسٹیشن کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا، مگر مسائل برقرار رہے۔

ان بریک ڈاؤنز کے باعث اندازاً 33 کروڑ 50 لاکھ گیلن پانی پمپ نہ ہوسکا جس سے کراچی بھر میں فراہمی شدید متاثر ہوئی۔

شہر کے جن علاقوں کو شدید قلت کا سامنا ہے ان میں نارتھ ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، گلستانِ جوہر، اسکیم 33، گلشنِ اقبال کے مختلف بلاکس، نیو کراچی، صدر اور کلفٹن شامل ہیں۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی 5، 11، 13 اور 15 نومبر کو کیبل کی خرابیوں کے باعث بجلی میں طویل تعطل پیدا ہوا، جس نے شہر کی پانی کی قلت کو مزید بڑھا دیا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ تمام انتظامی اور تکنیکی کوششوں کے باوجود مستقل بجلی کی عدم دستیابی پمپنگ آپریشنز کو متاثر کر رہی ہے۔

انہوں نے کے الیکٹرک کی انتظامیہ پر زور دیا کہ پمپنگ اسٹیشنز کو فوری اور مستقل طور پر بجلی کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ کراچی میں پانی کی فراہمی جلد از جلد معمول پر آ سکے۔