چوہدری اسلم کے کردار کو منفی دکھانے پر بولی وڈ فلم سازوں پر مقدمہ کروں گی، بیوہ پولیس افسر
سندھ پولیس کے شہید افسر چوہدری اسلم کی بیوی نورین اسلم نے کہا ہے کہ اگر آنے والی بولی وڈ فلم ’دھرندر‘ میں ان کے شوہر کے کردار کو منفی دکھایا جائے گا تو وہ فلم سازوں کے خلاف مقدمہ کریں گی۔
’دھرندر‘ کو آئندہ ماہ دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں سنجے دت سندھ پولیس کے افسر چوہدری اسلم کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم میں ونود کھنہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے ڈاکو رحمٰن ڈکیت کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ رنویر سنگھ کو مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکار کے طور پر دکھایا جائے گا۔
فلم کے ٹریلر سامنے آنے کے بعد اب چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم نے جیو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے شوہر کے کردار کو منفی دکھایا گیا تو وہ فلم سازوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
دوران انٹرویو انہوں نے اپنے شوہر کی بہادری پر بھی بات کی اور یہ بھی بتایا کہ ان کے شوہر نے کس طرح انکاؤنٹر کرکے رحمٰن ڈکیت کو مارا تھا اور یہ کہ وہ کس طرح بہادری سے دہشت گردوں سے لڑتے تھے۔
انہوں نے شوہر پر ہونے والے خود کش دھماکے پر بھی بات کی اور بتایا کہ اس وقت ان کے سب سے چھوٹے بیٹے 8 سال کے تھے اور والد کے قتل کا سن کر وہ بیہوش ہوگئے تھے۔
نورین اسلم نے شوہر کو بہادر اور وطن کا سچا سپاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کام چوہدری اسلم نے کیے، وہ آج تک کوئی پولیس افسر نہیں کر سکا، وہ کاالعدم دہشت گرد تنظیموں کو کھلے عام للکارتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چوہدری اسلم کی بیوہ ہیں، وہ شوہر کے زندہ ہونے تک گھریلو خاتون تھیں لیکن شوہر کی شہادت کے بعد وہ لاوا بن چکی ہیں اور اب ان کے شوہر پر بولی وڈ فلم بنائی گئی ہے۔
ان کے مطابق ان کے شوہر کی بہادری کی پوری دنیا تعریفیں کرتی ہے، چند افراد اگر ان کے شوہر کو برا بھلا کہتے ہیں تو ایسا کہنے والوں کی کوئی اوقات نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلم کے ٹریلر میں ایک نامناسب ڈائلاگ شامل کیا گیا ہے کہ جن اور شیطان کے میلاپ کے بعد چوہدری اسلم پیدا ہوئے جو کہ انتہائی نامناسب ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈائلاگ ان کے شہید شوہر کی والدہ کو ٹارگٹ کرتا ہے جو کہ انتہائی شریف خاتون تھیں، فلم سازوں کو ایسے نامناسب الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر فلم میں ان کے شوہر کے کردار کو منفی دکھایا گیا تو وہ فلم سازوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی، وہ چوہدری اسلم کی وارث ہیں۔