میسی کی آمد پر کولکتہ اسٹیڈیم میں شدید بدنظمی، توڑ پھوڑ، واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد پر ناقص انتظامات کے باعث شدید بدنظمی اور توڑ پھوڑ ہوئی جس کے باعث فٹ بالر اپنے مداحوں سے ملے بغیر ہی واپس لوٹ گئے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی آج بھارت کے تین روزہ دورے کے لیے کولکتہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے کولکتہ کے لیک ٹاؤن میں واقع شری بھومی اسپورٹنگ کلب میں اپنے 21 میٹر بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ تاہم یہ نقاب کشائی آن لائن کی گئی۔
بعد ازاں لیونل میسی کولکتہ کے اسٹیڈیم پہنچے مگر وہاں شدید بدنظمی اور توڑ پھوڑ کی وجہ سے وہ کچھ منٹ ہی اسٹیڈیم میں موجود رہے، جس پر مداحوں میں مایوسی پھیل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطاق اسٹیڈیم میں موجود ایک شائق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ انتہائی خراب انداز میں منعقد کیا گیا ایونٹ تھا۔ان کے مطابق میسی کے اردگرد سیاسی رہنماؤں اور وزراء کا ہجوم تھا، جس کی وجہ سے عام شائقین انہیں دیکھ بھی نہ سکے۔
مداح کا کہنا تھا کہ میسی نے اپنی آمد پر نمائشی فٹبال بھی نہیں کھیلی جبکہ منتظمین کی جانب سے شاہ رخ خان کی آمد کے دعوے بھی پورے نہ ہو سکے۔
شائقین نے وقت، پیسے اور جذبات ضائع ہونے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم
واقعے کے بعد ریاستی حکام کی جانب سے لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے باقاعدہ معذرت کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔
یہ کمیٹی ریٹائرڈ جسٹس اشیم کمار رائے کی سربراہی میں کام کرے گی، جس میں چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہِل افیئرز) بھی شامل ہوں گے۔
کمیٹی واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
بعد ازاں لیونل میسی کے قیام کے ہوٹل کے باہر جمع ہونے والے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے بھی پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔
عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے تھے، جس کے باعث سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہجوم کے بڑھتے دباؤ اور امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے معمولی لاٹھی چارج اور دیگر اقدامات کرنا پڑے۔