پاکستان

انٹرنیشنل فنانس کاپوریشن کا پاکستان میں پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری کا اعلان

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن جو ورلڈ بینک گروپ کا پرائیویٹ سیکٹر سے متعلق ادارہ ہے، نے پاکستان میں اپنی پہلی مقامی...

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن جو ورلڈ بینک گروپ کا پرائیویٹ سیکٹر سے متعلق ادارہ ہے، نے پاکستان میں اپنی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔

منگل کو جاری کی گئی آئی ایف سی کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی روپے میں اس کی پہلی سرمایہ کاری 33 ارب 60 کروڑ روپے تک کی غیر فنڈڈ جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ذریعے کی گئی ہے، جس کے تحت اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو طویل المدتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یہ شراکت پاکستان میں آئی ایف سی کی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری ہے، جس کے ذریعے مقامی اور غیر ملکی دونوں کرنسیوں میں طویل المدتی فنانسنگ تک رسائی میں توسیع ہوگی، جو بالخصوص زراعت اور مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز جیسے اہم شعبوں میں معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ فنانسنگ مقامی سرمائے کو متحرک کر کے اینگرو فرٹیلائزرز کو پاکستان میں زرعی ویلیو چین مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔

آئی ایف سی کے مطابق یہ سرمایہ کاری جس کا مقصد پاکستان کے زرعی شعبے کو مستحکم کرنا اور غذائی تحفظ کو تقویت دینا ہے، آئی ایف سی کینیڈا کے فیسلٹی فار ریزیلینٹ فوڈ سسٹمز کی جانب سے فراہم کردہ فرسٹ لاس کاؤنٹر گارنٹی سے بھی مستفید ہوگی۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی روپے میں فنانسنگ کے استعمال کے ذریعے اینگرو فرٹیلائزرز مقامی سرمائے کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ آپریشنل استحکام میں اضافہ کیا جا سکے۔

یہ فنانسنگ اینگرو فرٹیلائزرز کو اپنی تنصیبات کی دیکھ بھال اور دیگر سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے قابل بنائے گی، جس سے یوریا اور دیگر کھادوں کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی تاکہ قومی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

پریس ریلیز کے مطابق اس فنانسنگ کا مقصد کسانوں کے لیے جاری پروگراموں کی معاونت بھی ہے تاکہ اینگرو کے بنیادی مشن، یعنی قابلِ اعتماد پیداوار سے ہم آہنگ اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پاکستان میں زرعی شعبہ ملکی مجموعی قومی پیداوار کا 24 فیصد، برآمدات کا 70 فیصد اور روزگار کا 40 فیصد فراہم کرتا ہے، جو اسے طویل المدتی ترقی کے لیے انتہائی اہم بناتا ہے۔

پریس ریلیز میں اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی کے حوالے سے کہا گیا کہ اینگرو ہمیشہ پاکستان کے اہم ترین مسائل کو بامعنی انداز میں حل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ مقامی سرمائے کے ذریعے مقامی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا ملک اور کسانوں سے ہماری وابستگی کا عکاس ہے، کیونکہ کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے آئی ایف سی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس مشن کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔

پریس ریلیز میں آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے مینوفیکچرنگ، ایگری بزنس اور سروسز کے ریجنل انڈسٹری ہیڈ اشرف مجاہد کے بیان کا بھی حوالہ دیا گیا، جنہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری اینگرو فرٹیلائزرز اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ساتھ شراکت داری کی مضبوطی اور پائیدار انداز میں مسائل کے حل کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے مقامی کرنسی میں طویل المدتی فنانسنگ کے نئے راستے کھل رہے ہیں، جو ایک ایسے شعبے میں ترقی اور مالی استحکام کو سہارا دیں گے جو ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔

اسی طرح اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ہیڈ آف کوریج ریحان شیخ کے حوالے سے کہا گیا کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی معیشت میں پائیدار ترقی اور طویل المدتی استحکام کے لیے فنانسنگ حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایف سی کا یہ اعلان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مقامی کرنسی میں نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھانے کے معاہدے کے تقریباً دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 21 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ آئی ایف سی کے ساتھ انٹرنیشنل سویپس اینڈ ڈیریویٹوز ایسوسی ایشن کے فریم ورک کے تحت ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت آئی ایف سی کو پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری اور زر مبادلہ کے خطرات بہتر طور پر سنبھالنے کی سہولت حاصل ہوگی۔