اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، ایک لاکھ 79 ہزار کی بلند سطح بھی عبور
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال 2026 کے دوسرے روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کردی، جمعہ کو کاروبار کے پہلے سیشن میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 79 ہزار کی بلند سطح عبور کرگیا۔
مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان غالب رہا ، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس دن کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 79 ہزار 16 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
پہلے سیشن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس2 ہزار 148 پوائنٹس یا 1.22 فیصد اضافےسے ایک لاکھ 78 450 پوائنٹس پر جاپہنچا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والے اداروں اور ریفائنری سیکٹر میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایچ بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح دسمبر 2025 میں 5.6 فیصد ریکارڈ کی گئی جو وزارتِ خزانہ کے اندازے 5.5 سے 6.5 فیصد کے دائرے میں رہی۔
دریں اثنا اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرِ مبادلہ ذخائر 26 دسمبر 2025 تک 21.012 ارب ڈالرتک جاپہنچے جو ایک ہفتہ قبل 19 دسمبر کو ریکارڈ شدہ 21.023 ارب ڈالر کے مقابلے میں معمولی کمی ظاہر کرتے ہیں ۔
یاد رہے کہ جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے سال 2026 کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ کیا جہاں وسیع پیمانے پر خریداری دیکھی گئی۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار 355 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔