نئی قانون سازی کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی
اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی کی منظوری دے دی گئی جس کے بعد دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہوگئے۔
وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے، آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد میں وارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈینینس 2025 سے متعلق کارروائی کی توثیق کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 اگست کے اجلاس کے فیصلوں اور آف گرڈ لیوی سے متعلق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ریلیف دینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔
پی آئی کی نیلامی شفاف تھی، وزیراعظم
اجلاس سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پائی، پی آئی اے کی بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے انتہائی اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خسارے میں جانے والے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے وژن کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند ہے۔ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔
وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کے صدر سے حالیہ ملاقاتیں دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر خوشگوار بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔