جوا ایپس پروموشن کیس: یوٹیوبر ڈکی بھائی فرد جرم کے لیے طلب
لاہور کی مقامی عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی کو جوئے پروموشن کے مقدمے میں فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔
ضلع کچہری میں سعد الرحمان عرف ڈکی سمیت دیگر کے خلاف آن لائن جوئے کی پروموشن کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سعد الرحمان سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 16 جنوری کو طلب کرلیا۔
دورانِ سماعت عدالت نے کہا کہ آپ کا بغیر اجازت کے یوٹیوب چینل پر وی لاگ کرنا غیر قانونی ہے، آپ کو وی لاگ کی اجازت کے لیے عدالت میں درخواست دائر کرنا چاہیے تھی۔
جس پر سعد الرحمان نے مؤقف دیا کہ گزشتہ سماعت پر انہوں نے بیانِ حلفی دیا تھا اور ان کے نزدیک وہی اجازت تھی جس پر عدالت نے کہا کہ آپ خود سے کیسے خود کو اجازت دے سکتے ہیں؟کیونکہ اجازت صرف عدالت دیتی ہے۔
اس موقع پر وکیل سعدالرحمان نے کہا کہ ہمیں نہیں سمجھ آرہی کہ ہم کس چیز کی اجازت لیں کیونکہ ہم تو اپنے چینل پر وی لاگ کر ہی نہیں رہے۔
اس پر عدالت نے واضح کیا کہ سعد الرحمان کا یوٹیوب چینل مال مقدمہ ہے اور این سی سی آئی نے اس چینل کو ضبط کر رکھا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ وی لاگنگ کی جاسکتی ہے تاہم ضبط شدہ چینل سے ویڈیوز اپلوڈ کرنا غیر قانونی ہے۔
و اضح رہے کہ ڈکی بھائی کو این سی ایس آئی اے نے 17 اگست 2025 میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر جوئے کی ایپس کی تشہیر کا الزام عائد ہے۔
یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ ریاست کی جانب سے این سی سی آئی اے لاہور کے ذریعے درج کیا گیا، جس میں ان پر الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون 2016 کی دفعات 13 (الیکٹرانک جعلسازی)، 14 (الیکٹرانک فراڈ)، 25 (اسپامنگ) اور 26 (اسپوفنگ) کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات بی-294 (تجارتی مقاصد کے لیے انعام کی پیشکش) اور 420 (دھوکہ دہی اور جائیداد کی فراہمی کے لیے بدنیتی سے عمل کرنا) شامل ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے 24 نومبر 2025 کو ڈکی بھائی کی جوئے کی ایپ کی تشہیر کے مقدمے میں 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔